Urdu – اردو

قیادت اشاعت

اشاعت پھیلانے اور شائع کرنے کو کہتے ہیں۔کتب،اخبارات اور رسائل (پرنٹ اور ملٹی میڈیا) اشاعت کے اہم ذرائع ہیں۔

حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے خداتعالیٰ کا پیغام پہنچانے اوراسلام کی حقیقی تعلیمات کی عظمت کو ظاہر کرنے اور ہزاروں سال سے مدفون روحانی خزائن سے بہرہ مند کرنے کی غرض سے اشاعت کے ذرائع کو کثرت سے استعمال فرمایا۔چنانچہ خداتعالیٰ نے آپ کو’’سلطان القلم‘‘ کے آسمانی لقب سے سرفراز فرمایا۔ہرناصر کو چاہیئے کہ وہ بھی سلطان القلم کے زُمرۂ انصار میں شامل ہو۔اسکے لئے ضروری ہے کہ ہم بھی اشاعت کے تمام ذرائع سے حقیقی معنوں میں فائدہ اُٹھانے کی کوشش کریں۔یاد رہے کہ اشاعت کے دو اہم پہلو ہیں۔

  1. (الف)۔شائع ہونے والی کتب،رسائل اور اخبارات وغیرہ سے خود فائدہ اُٹھانا اور اپنی اولاد کو ان سے فائدہ اُٹھانے کی عادت ڈالنا۔
  2. (ب)۔اپنے قلم کے ذریعے اشاعت میں حصّہ لینا اورنوع انسانی کیلئے تحریراورقلم سے فائدہ پہنچانے کا موجب بننا۔

چنانچہ اوپر بیان کردہ اُمور کی روشنی میں انصار کی مجالس کے لئے اشاعت کالائحہ عمل درجِ ذیل ہے۔

 سیدنا امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ستمبر2005ء میں اراکینِ عاملہ مجلس انصاراللہ جرمنی کے ساتھ میٹنگ میں یہ ہدایت فرمائی تھی کہ

’’کم از کم پچاس فیصد انصارایسے ہونے چاہئیں جن کے ہاں الفضل انٹرنیشنل آتاہو۔‘‘

حضور انورایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اس ہدایت کی روشنی میں کوشش کی جائے کہ تمام انصار اپنے پیارے امام کی ہدایت کی تعمیل میں لبیک کہیں تاکہ حضور کی مقبول دعاؤں اور خداتعالیٰ کی خوشنودی کے وارث بن سکیں۔اس ضمن میں یہ بھی کوشش کی جائے کہ-:

  1.  نئے خریدار بنائے جائیں۔
  2.  اگر کسی ناصر کے ہاں الفضل انٹرنیشنل پہلے آتا تھا اور اَب نہیں آرہا تو اس کے دوبارہ اجراء کیلئے سعی کی جائے۔
  •  خریداران کو وقتاً فوقتاً ان کے سالانہ چندہ خریداری بروقت ادا کرنے کی یاددہانی کروائی جاتی رہے تاکہ اس وجہ سے کوئی اخبار بند نہ ہوجائے۔یاد رہے کہ سیدنا حضرت مصلح الموعود خلیفۃ المسیح الثانی ؓ کا ارشاد ہے کہ الفضل ایک روحانی نہر ہے جسے ہر گھر میں جاری ہونا چاہیئے۔
  • اراکینِ انصاراللہ کو تحریک کی جائے کہ جماعتی اخبارات و رسائل میں علمی و تربیتی مضامین لکھ کر شائع کروائیں۔
  • اہلِ علم اور اہلِ قلم انصارکو تحریک کی جائے کہ مجلس انصاراللہ جرمنی کے زیرِ انتظام شائع ہونے والے سہ ماہی ’’الناصر‘‘ کے لئے بھی مضامین لکھیں۔
  • مقامی پریس اور اخبارات سے تعلقات اور رابطہ ہونا چاہیئے۔صاحبِ قلم(جرمن زبان میں لکھنے کی استطاعت رکھنے والے) انصار کو یہ بھی تحریک کی جائے کہ وہ ملکی اور قومی اخبارات و رسائل میں بھی حسبِ ضرورت و موقع علمی و اصلاحی مضامین و خطوط لکھیں اور قومی مسائل کے حل اور اصلاحِ احوال میں حصّہ لیں نیز اسلام کی حسین تعلیمات سے متعارف کروایا جائے تاکہ منفی پروپیگنڈہ کے اثرات کو زائل کیا جاسکے ۔
    نوٹ-: اپنی کارکردگی کا ذکر مجلس/ریجن کی ماہانہ رپورٹ میں بھی معین اعدادوشمار کے ساتھ کیاجائے۔
  • مرکز کی اجازت کے بغیر مجالس کوئی ایسی اشاعت نہ کریں جس کی ذمہ داری مجلس انصاراللہ پر عائد ہوتی ہو۔
  • مقامی مجالس کو تحریک کی جائے کہ وہ قابل اشاعت رپورٹس الگ بھجوایا کریں تاکہ اُنہیں دیگر مجالس میں مسابقت کی روح اور اِزدیادِ ایمان کی خاطر سہ ماہی ’’الناصر‘‘ میں شائع کروایاجاسکے۔
  • انصارجن کتب اور رسائل کا مطالعہ کریں ان میں سے دلچسپ اور مفید باتیں’’حاصلِ مطالعہ‘‘ کے نام سے’’الناصر‘‘ کے لئے بھجوایاکریں۔
  • اسی طرح بزرگوں کی سیرت و سوانح،دلچسپ اور سبق آموز کہانیاں،لطائف،عام سائنسی معلومات وغیرہ بھی بھجوائی جاسکتی ہیں۔
  • مقامی مجلس کے منتظم اشاعت یہ اطلاع وقتاً فوقتاًانصار تک پہنچاتے رہیں کہ www.alislam.org پرقرآن کریم کے متعدداردو تراجم ،تفاسیر، کتب احادیث، کتب حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام ،کتب خلفائے سلسلہ اور دیگر جماعتی کتابوں کے علاوہ درجِ ذیل اخبارات ورسائل کا مطالعہ کرنے نیز ڈاؤن لوڈ کرنے کی سہولت موجود ہے۔
  • روزنامہ الفضل ربوہ ، ہفت روزہ الفضل انٹرنیشنل لندن ، ہفت روزہ بدر قادیان ، ماہانہ مشکوٰۃ قادیان ،ماہنامہ انصاراللہ ربوہ ، ماہانہ خالد ربوہ، ماہانہ تشحیذ الاذہان ربوہ ، النحل(انصاراللہUSA کاسہ ماہی رسالہ) ، احمدیہ گزٹ کینیڈا، احمدیہ گزٹ امریکہ ، ریویو آف ریلیجنز ، دی مسلم سن رائز،التقویٰ وغیرہ ۔
  • جرمن زبان کی جماعتی کتب ہر علاقائی لائبریری میں رکھوائی جائیں ۔اس کام کو کرنے کی ذمّہ داری تبلیغ کے علاوہ اشاعت کے شعبہ پربھی عائد ہوتی ہے۔